ہمیں فوج سے مسئلہ نہیں، خدا کے واسطے فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، عمران خان

راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں فوج سے مسئلہ نہیں،خدا کے واسطے فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، 2014 کے دھرنے کی انکوائری کیلئے تیار ہوں، کاکڑ کے فارم 47بارے بیان کے بعد کیا وفاقی حکومت سے مذاکرات ہوسکتے ہیں؟ ،(ن)لیگ کے لوگوں نے بتایا تھا کہ فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس نہ بننے تک الیکشن ہوں گے نہ نواز شریف واپس آئے گا ۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ2014ء کے دھرنے کی انکوائری کیلئے تیار ہوں، خوشی ہوگی مجھے انکوائری کمیٹی میں پیش کیا جائے، 2014ء کے دھرنے بارے مجھ پر جتنے الزامات لگائے گئے سب غلط ہیں، 2013 کا الیکشن آر اوز کا الیکشن تھا۔
انہوں نے کہا کہ سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے فارم 47بارے بیان کے بعد کیا وفاقی حکومت سے مذاکرات ہوسکتے ہیں؟ ۔ انہوں نے کہا کہ صدر ،وزیراعظم ،وزیراعلی پنجاب اور سینیٹ الیکشن فراڈ ہیں، (ن) لیگ کے لوگوں نے پرائیویٹلی ہمیں بتا دیا تھا کہ جب تک قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس نہیں بنتا الیکشن ہوں گے نہ نواز شریف واپس آئے گا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرا آدھا خاندان فوج اور آدھا خاندان بیورو کریسی میں ہے، فوج ہماری ہے ،ہمیں فوج سے کوئی مسئلہ نہیں، 9مئی واقعات کا مجھے اس وقت پتا چلا جب مجھے سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا، میں نے 9مئی واقعات کی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے سامنے مذمت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ خدا کے واسطے فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، ہم نے اپنی 27سال کی تاریخ میں کبھی جلاؤ گھیراؤ نہیں کیا، دو حکومتیں ہم نے انتخابات کیلئے تحلیل کیں کیوں کہ ہماری سیاسی جماعت انتشار نہیں چاہتی تھی ۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.