سی پیک منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہمیں چین سے دو قدم آگے چلنا ہو گا، احسن اقبال

اسلام آباد : وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہمیں چین سے دو قدم آگے چلنا ہو گا ،خطے میں جغرافیائی مرکزیت کو مواقع میں بدلنے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنا ہوگی،ایم ایل ون مواصلات، تجارتی شعبوں کیلئے ناگزیر ہے کام شروع نہ کرنے سے مزید حادثات کا شکار ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کی زیر صدارت دورہ چین بارے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں انہیں مختلف وزارتوں بارے دورہ چین کے دوران پیش کئے جانیوالے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں سیکرٹری ریلوے ، سیکرٹری این ایچ اے ، ایڈیشنل سیکرٹری پاور اور وزارت منصوبہ بندی کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک فیز 2کی پیشرفت کو یقینی بنانا دورہ چین کا اہم ایجنڈا ہو گا،سی پیک منصوبوں کی تکمیل کیلئے اب ہمیں چین سے دو قدم آگے چلنا ہو گا ۔
انہو ں نے کہا کہ دورہ چین پر ایم ایل ون ایک اہم ایجنڈا ہو گا، ایم ایل ون 150پرانا ٹریک ہے ،اگر اب اس پر کام شروع نہ کیا گیا تو خدانخواستہ ہم مزید حادثات کا شکار ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون ہمارے مواصلات اور تجارت کے شعبوں کیلئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ایک واضح وژن اور روڈمیپ کے ساتھ ترقی کی ہے ،ملکی ترقی کیلئے ہمیں بھی ایک وژن کو لے کر چلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون اور روابط بارے پاکستان خطے میں اہم ترین ملک ہے، ہمیں خطے میں اپنی جغرافیائی مرکزیت کو مواقع میں بدلنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts