اسلام آباد: سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا ہے کہ پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ملک سمجھتے ہیں،نجی و سرکاری شعبے میں شراکت دار کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں، کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت ایک دوسرے سے منسلک ہو۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سعودی نائب وزیربرائے سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت سی اقدار مشترک ہیں،بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں ،سعودی عرب پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ملک سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان نجی و سرکاری شعبے میں شراکت دار کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، ہمارا دورہ پاکستان گزشتہ دورے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت اور کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ترجیح دے رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت ایک دوسرے سے منسلک ہو، یہ دورہ دونوں ممالک کی درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا مواقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کمرشل سرمایہ کاری ایک مضبوط ذریعہ ہے۔
Load/Hide Comments