9 مئی کو ریڈ لائن عبورکر نیوالے اب اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتے ہیں،خواجہ آصف

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ریڈ لائن عبورکر نیوالے اب اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتے ہیں، اپنے دور اقتدار میں ملکی مسائل بارے ہماری مذاکرات کی دعوت قبول نہ کرنیوالوں نے پارٹی وکلاء کے حوالے کردی، اب مذاکرات کا فائدہ نہیں، 9مئی بارے قومی اسمبلی اجلاس بلایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں پریس کانفرنس گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آج سے ایک سال قبل تاریخی واقعہ ہوا، پہلی بار ایک سیاسی جماعت نے عدم اعتماد پر کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کیا،جی ایچ کیو، میانوالی ایئر فیلڈ پر حملے کی شہادتیں ویڈیو کی صورت میں سامنے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی ایسا دن تھا جس میں ایک ریڈ لائن عبور کی گئی اورپاکستان کی اساس پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا تمام جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف رہے ہیں، نظریاتی اور سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن اس جماعت نے ملکی سالمیت کیخلاف سازش کی ۔
انہوں نے کہا کہ کل انہوں نے 3رکنی کمیٹی بنائی اور کہا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کریں گے، ان کو اب پتا چلا کہ سیاست میں مذاکرات ہونے چاہئیں، ہمیں تو پہلے کا پتا ہے، سیاست میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں، 18ماہ ہمارے دروازے کھلے رہے ، اپنے دور اقتدار میں انہوں نے ملکی مسائل بارے ہماری مذاکرات کی دعوت قبول نہیں،ان لوگوں نے پارٹی اب وکلاء کے حوالے کردی ، اب مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جو زبان مولانا کے خلاف استعمال کی سب کو پتا ہے، اتنا تضاد کسی جماعت میں نہیں، 9مئی سے متعلق قومی اسمبلی اجلاس بلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کارکنان کو لاوارث کردیا گیا ہے، ان سے قربانیاں تو مانگی گئیں، کوئی ایک ورکر بتادیں جس کے پاس ان کے لیڈران گئے ہوں، پچھلے 9مئی سے آج کے 9مئی تک ان کا حال دیکھ لیں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts