اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ کسی سے بات ہو رہی ہے نہ کسی کا پیغام آیا، مینڈیٹ چوروں کے علاوہ سب سے بات کریں گے ، امید ہے مخصوص نشستوں پر ہمارے حق میں فیصلہ آئے گا، وقت پر انصاف نہ ملنا بھی نا انصافی ہے، عدلیہ کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں، عدلیہ مضبوط ہوگی تو قانون کی حکمرانی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف سارے کیسز سیاسی بنیادوں پر ہیں، ان کو کیسز میں کچھ نہیں مل رہا، ایک اور بوگس کیس بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عدلیہ سے استدعا کی ہے کہ ہمارے کیسز مزید التوا میں نہ رکھیں، انصاف وقت پر نہ ملنا بھی ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8اپریل کو مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت ہے، امید ہے مخصوص نشستوں پر ہمارے حق میں فیصلہ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات پر وائٹ پیپر جاری کیا ہے جس پر بانی پی ٹی آئی نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہو رہی، اگر ہوئی تو بانی پی ٹی آئی بتائیں گے، ہمارے پاس کسی کا کوئی پیغام نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چوروں کے علاوہ سب سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی نہیں کہا کہ عدلیہ پراعتماد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، عمرا ن خان نے انتخابات میںدھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے 6 ججز کے خط پر بڑا موقف لیا ہے، بلوچستان، لاہور، سندھ اور پشاور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ مداخلت ہو رہی ہے، عدلیہ مضبوط ہوگی تو قانون کی حکمرانی ہو گی۔
Load/Hide Comments