تاریخ رقم، پاکستان کا پہلا خلائی مشن ‘آئی کیوب کیو’ چاند کیلئے روانہ

اسلام آباد : پاکستان کا پہلا خلائی مشن ‘آئی کیوب کیو ‘چاند کیلئے روانہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا پہلا خلائی مشن ‘آئی کیوب کیو’ چین کے وینچینگ خلائی سینٹر 2 بج کر 28 منٹ پر روانہ ہوگیا۔آئی کیوب قمر کو انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی نے چین کی شنگھائی یونیورسٹی اور پاکستان نیشنل اسپیس ایجنسی (سپارکو) کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔
آئی کیوب کیو آربیٹر دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کیلئے استعمال ہوتے ہیں،ٹیسٹنگ اور قابلیت کے مرحلے سے کامیابی سے گزرنے کے بعد آئی کیوب کیو کو چینگ6 مشن کیساتھ منسلک کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے رکن کور کمیٹی ڈاکٹرخرم خورشید نے بتایا ہے کہ سیٹلائٹ چاند کے مدار پر 5دن میں پہنچے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا سیٹلائٹ مشن 3سے 6ماہ تک چاند کے اطراف چکر لگائے گا، سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کی سطح کی مختلف تصاویر لی جائیں گی جس کے بعد پاکستان کے پاس تحقیق کیلئے چاند کی اپنی سیٹلائٹ تصاویر ہوں گی۔
انہوں نے کہاکہ یہ سیٹلائٹ پاکستان کا ہے اور ہم ہی اس کا ڈیٹا استعمال کریں گے لیکن چونکہ اسے چین کے نیٹ ورک کو استعمال کر کے چاند پر پہنچایا جارہا ہے اس لئے چینی سائنسدان بھی اس ڈیٹا کو استعمال کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیٹلائٹ 2سال کے مختصر مدت کے اندر تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے چندریان سے پاکستان کے مشن کا موازنہ کرنا مناسب نہیں ہوگا کیونکہ چندریاں بڑا مشن تھا جس نے چاند پر لینڈنگ کی تھی ،آئی کیوب قمر چھوٹی سیٹلائٹ جو چاند کے مدار پر چکر لگائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بڑے مشن کیلئے راہ ہموار کرنے کیلئے یہ ابتدائی طور پر چھوٹا پراجیکٹ ہے۔
واضح رہے کہ چینی نیشنل سپیس ایجنسی نے ایشیا پیسفک سپیس کارپوریشن آرگنائزیشن کے ذریعے رکن ممالک کو چاند کے مدار تک مفت پہنچنے کا منفرد موقع فراہم کیا تھا، ایپسکو کی پیشکش پر رکن ممالک نے اپنے منصوبے بھیجے تھے جس میں سے پاکستان کے منصوبے کو قبول کیا گیا تھا ۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts