امریکہ کو اڈے دینے بارے قیاس آرائیوں میں صداقت نہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کو اڈے دینے بارے قیاس آرائیوں میں صداقت نہیں، کسی کو اپنی سرزمین یا فضائی حدود کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینگے ، افغانستان پاکستان میں دہشت گردی واقعات میں ملوث دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کرے، رفح میں کسی قسم کا حملہ ناقابل قبول ہے، عالمی برادری اسرائیل کو غزہ کا محاصرہ ختم کرنے پر مجبور ، قتل عام کی تحقیقات کرے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ کو اڈے دینے کی قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کسی بھی ملک یا حکومت کو اڈے دینے کا ارادہ نہیں، پاکستان اپنی سرزمین یا فضائی حدود کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی وفد نے رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کیا ہے ، وفد سے تعلیم، ماحولیاتی تبدیلی سمیت دہشت گردی کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات دیرینہ ہیں اور پاکستان اس تعلق کو انتہائی اہمیت کی حامل سمجھتا ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts