معاشی بحران کا دلدل دن بدن سنگین ہوتا جارہا ، ایکشن کی ضرورت ہے،اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد : وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ معاشی بحران کا دلدل دن بدن سنگین ہوتا جارہا ہے، ایکشن کی ضرورت ہے، ڈیوٹی میں ہیرا پھیری، سمگلنگ، ٹیکس چوری بڑے مسائل ہیں،ایف بی آر میں اصلاحات وزیراعظم کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، گورننس مسائل پر بہت سے لوگوں کو تبدیل کیا گیا ہے، اچھا کام کرنیوالو ں کو ماضی میں سائیڈ لائن پر رکھا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے گزررہا ہے اور معاشی بحران کا دلدل دن بدن سنگین ہوتا جارہا ہے، معاشی بحران سے نکلنے کے بہت حل ہیںلیکن زبانی بات چیت سے معاملات حل نہیں ہوںگے اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ایکشن لینے کی ہے، آئی ایم ایف پروگرام پر بہت تنقید ہوتی ہے کہ یہ پروگرام مہنگائی لے کر آتا ہے، میں معاشی ماہر نہیں ہوں لیکن مجھے اندازہ ہے کہ آئی ایم ایف ہمیں ٹیکس چوری روکنے، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے، بجلی چوری روکنے، گورننس بہتر کرنے کیلئے کہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسی پروگرام کو سامنے رکھ کر ایف بی آر میں اصطلاحات کا بیڑہ اٹھایا ہے،یہ ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، وزیراعظم نے ایف بی آر سے متعلق سب سے زیادہ اجلاس کئے، ایف بی آر میں دو طرح کے کام ہورہے تھے پہلا یہ کہ جو اس کا ڈھانچہ ہے اس میں رہتے ہوئے گورننس بہتر کی جائے اور دوسرا عدالتوں میں پڑے 2700ارب کیسز سے متعلق ہے ، پارلیمان نے جو پہلا قانون پاس کیا وہ اسی بابت تھا ٹیکس ٹریبیونلز میں ترامیم کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں سیاسی جماعتوں کی نمائندگی بھی تھی، چار ہفتوں میں اصلاحات تیار کر کے پارلیمنٹ نے منظور کرائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 2کروڑ تک کے ٹیکس معاملات کمشنر انکم ٹیکس کے پاس جائیں گے اور اس سے اوپر والے ٹریبیونلز میں جائینگے ،ٹریبیونلز میں جوڈیشل ممبرز کی تعیناتی کا اختیار وزیر اعظم کے پاس تھا لیکن اب یہ اوپن میرٹ پر ہوگا، انہوں نے یہ اختیار خود چھوڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں ایف بی آر میں تبادلوں پر کافی شور مچایا گیا ، ایف بی آر میں تبادلے کارکردگی کی بنیاد اور میرٹ پر کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 50، 50ارب کیلئے ہم بڑی مشکلات سے گزرتے ہیں، جوٹیکس دے رہے ان پر سارا بوجھ ڈال دیں، ایسا نہیں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ گورننس کا بہت مسئلہ ہے، اس پر بھی بہت سے لوگوں کو تبدیل کیا گیا ہے، کسٹم سروس افسران کے تبادلے اوپر سے شروع ہوئے ہیں یہ سلسلہ نیچے تک جائے گا، لوگوں کا تبادلہ کارکردگی کے حساب سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اچھا کام کرنیوالے لوگوں کو ماضی میں سائیڈ لائن رکھا گیا، پوسٹنگز ٹرانسفر میں سروس لاز بہت واضح ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا ایکشن جو کسی کو بغیر پروسیڈنگز کے داغدار کرے وزیراعظم اس پر یقین نہیں رکھتے، پوسٹنگ ٹرانسفرز محکمے کی صوابدید ہوتی ہے، شکوک وشبہات کو دور کرنے کیلئے یہ ایکسر سائز شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی میں ہیرا پھیری، سمگلنگ، ٹیکس چوری بھی ہمارے بڑے مسائل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو ٹیکس دے رہے ہیں سارا زور ان ہی پر آجاتا ہے، اس پر بھی وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے، اگر یہ ہوگا تو شائد ٹیکس سلیبز بھی نیچے آئیں گے۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts