رسالپور : چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہاہے کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں ،دوسروں سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں،آزادی اظہار رائے کی حدود پامال کرنے والے دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے، کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی، باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا، کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔تفصیلات کے مطابق رسالپور میں پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ آپ ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کردار، ہمت اور قابلیت کی خوبیوں سے مزین زندگی گزاریں گے ،آپ کا طرز عمل نہ صرف آپ کی ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارے کیلئے بھی غیر معمولی ہوگا، آپ مادر وطن کے دفاع ،عزت و وقار کیلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ ہمارے ملک کے بہترین جذبے، ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو ہمیشہ قائم رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 19میں واضح طور پر آزادی اظہار اور اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی برملا پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے، ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلحے کی دوڑ سے ہمارے خطے میں طاقت کا توازن بگڑنے کا امکان ہے، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مخصوص ٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کر نے کیساتھ ساتھ اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط فضائیہ کے بغیر ملک کسی بھی جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے، پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے، پاک فضائیہ نے بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ہر طرح کی مشکلات میں فضائی حدود کی نگرانی کی جس کی بڑی مثال فروری 2019ء ہم سب کے سامنے ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ غزہ جنگ اس بات کی تازہ ترین مثال ہے کہ جنگیں کیا کیا مصائب سامنے لاسکتی ہیں، غزہ میں بوڑھوں، خواتین اور بچوں کا اندھا دھند قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں تشدد بڑھ رہا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے اپنا ناجائز قبضہ کررکھا ہے، کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا، راشد منہاس، سرفراز رفیقی اور ایم ایم عالم جیسے بنیں جنہوں نے وطن عزیز کے وقار کے تحفظ کیلئے اپنی خدمات اور زندگیاں پیش کیں، آپ کو جو ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اس کیلئے پرعزم رہیں اور ریاست پاکستان کے ساتھ وفادار رہیں۔
پسندیدہ ویڈیوز
متعلقہ خبریں
Load/Hide Comments
موسم
More forecasts: Weather Johannesburg 14 days