اسمبلی سے مستعفی ہونے بارے فیصلہ نہیں ہوا،پارلیمنٹ میں رہ کر مسائل کا حل ڈھونڈیں گے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اسمبلی سے مستعفی ہونے بارے فیصلہ نہیں ہوا،پارلیمنٹ میں رہ کر مسائل کا حل ڈھونڈیں گے، پی ٹی آئی کے سوا کسی پارٹی نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کروائے ، ہمارے ساتھ انصاف ہونا اور پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس ملنا چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج پی ٹی آئی انٹر اپارٹی الیکشن پر مختصر سماعت ہوئی ہے، 3مارچ کے الیکشن سے متعلق ہمیں نوٹس موصول ہوا تھاجس میں صرف سماعت کے بارے میں بتایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پہلے الیکشن کمیشن نے دستاویزات سے متعلق نوٹس بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اعتراضات آئینگے تو اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوا کسی پارٹی نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے، ہم نے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں انٹرا پارٹی الیکشن کروائے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات پر نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ انصاف ہونا چاہئے اور پی ٹی آئی کو بلے کا انتخابی نشان واپس ملنا چاہئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسمبلی سے استعفے دینے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ہم پارلیمنٹ میں رہ کر مسائل کا حل ڈھونڈیں گے ۔

Author