پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہوگئے تو حکومت تین، چار ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی،فواد چودھری

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہوگئے تو حکومت تین، چار ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی، چاہتے ہیں تلخیاں کم ہوں، واپسی وہاں ہوتی ہے جہاں بندہ چھوڑ تا ہے ہم کہیں گئے ہی نہیں ،ہماری باری آئی تو اپنی کہانی سنائیں گے۔اے ٹی سی راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تلخیاں کم ہوں، اللہ آسانیاں پیدا کرے، آج ہم سارے 9مئی کے کیسز کے سلسلے میں عدالت آئے ہیں، مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کہانی ابھی آئی نہیں، کہانی ان کی آئی جو ٹی وی پر بات کر سکتے ہیں، ہماری باری آئے گی تو ہم اپنی کہانی سنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ساکھ نہیں، فارم 47پر کھڑی ہے، اس وقت مولانا اور صوبہ خیبر پختونخوا ایک طرف کھڑے ہیں، میرا خیال ہے مولانا صاحب نے فیصلہ کر لیا ہے کہ یہ حکومت ہٹے گی، پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہوگئے تو یہ حکومت تین سے چار ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مولانا سمیت سب سے بات کرنی چاہئے۔ پی ٹی آئی میں واپسی کے سوال پر سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ واپسی وہاں ہوتی ہے جہاں بندہ چھوڑتا ہے ہم کہیں گئے ہی نہیں ۔

Author