وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات، پاکستان میں حفاظتی ٹیکوں ودیگر جاری سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

ریاض : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیوسے پاک پاکستان کے حتمی مقصد تک پہنچنے کیلئے شراکت داروں کی مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ریاض میں ڈبلیو ای ایف کے خصوصی اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان حفاظتی ٹیکوں، غذائیت و مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے اپنے دوبارہ انتخاب پر بل گیٹس کے تہنیتی خط پر ان کا شکریہ ادا کیااور سابق دور حکومت میں ان کیساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اورگیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مضبوط شراکت داری یقینی بنانے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے۔ شہباز شریف نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے دیرینہ تعاون پر بی ایم جی ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کے حتمی مقصد تک پہنچنے کیلئے تمام شراکت داروں کی طرف سے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔بل گیٹس نے پنجاب میں بطور وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے حفاظتی قطروں کے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے اس طرز عمل کو ملک بھر میں پھیلانے کی تجویز دی۔انہوں نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ مستقبل کی نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کیلئے ضروری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے اور آئی ٹی، سٹیم تعلیم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بل گیس کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

Author