کھیل سیاست سے علیحدہ ،پاک ، بھارت کو لڑائی کی بجائے تعلیم ،کھیلوں اور صحت کے شعبوں میں مقابلہ کرنا چاہئے،احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست سے علیحدہ رکھنا چاہئے، پاک ، بھارت کو لڑائی کی بجائے تعلیم ،کھیلوں اور صحت کے شعبوں میں مقابلہ کرنا چاہئے ،پاکستان اپنی کرکٹ ٹیم بھارت بھیجنے کو تیار ہے، بھارت کو بھی چمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم یہاں بھیجنی چاہئے، کوشش ہے سیف گیمز 2025ء کا انعقاد پاکستان میں ہو،صوبائی حکومتوں کیساتھ مل کر 250 مزید منی سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے، ملک میں 4آسٹروٹرف آئندہ ماہ لگا دی جائیں گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسن اقبال نے کہا کہ کھیلوں کو سیاست سے علیحدہ رکھنا چاہئے، ماضی میں پاک بھارت میں تناؤ تھا لیکن کھیلوں پر اثرانداز نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی کرکٹ ٹیم بھارت بھیجنے کو تیار ہے،بھارت کو بھی چمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کو لڑائی کی بجائے تعلیم ،کھیلوں اور صحت کے شعبوں میں مقابلہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں کھیلوں کو نظر انداز کیاگیاہے، پاکستان سپورٹس بورڈ نے بھی کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا نہیں کیا، البتہ حکومت نے کھیلوں کو خصوصی ترجیحات میں شامل کیاہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کیلئے حکومت تنہاء وسائل مہیا نہیں کرسکتی، ڈیپارٹمنٹس کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ2025ء کو کھیلوں کا سال قرار دیاگیاہے ،ہماری کوشش ہوگی کہ سیف گیمز 2025ء کا انعقاد پاکستان میں ہو۔انہوں نے بتایا کہ 2025ء کو کھیلوں کی بحالی کا سال بھی قرار دیاگیاہے، تمام صوبوں، کھلاڑیوں کیساتھ مل کر کانفرنس کاانعقاد کیاجائیگا جس میں 2025ء کا کھیلوں بارے روڈ میپ بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء کی طرح رواں سال کے اختتام پر نیشنل گیمز کا انعقاد کیاجائیگا۔انہوں نے بتایا کہ2017ء میں جناح سٹیڈیم اسلام آباد کیلئے جاری فنڈز ٹھیک طرح سے استعمال نہیں کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح کے مقابلوں کے انعقاد کیلئے سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم میں ائیر کنڈیشن لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں 4آسٹروٹرف آئندہ ماہ لگا دی جائیں گی جبکہ مزید 10آسٹروٹرف لگانے کا پلان تیار کرلیا ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر مزید 250 منی سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے۔

Author