وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، وزیراعلی سندھ، وفاقی وصوبائی وزراء کی شرکت

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے وفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا، سندھ کے تمام مسائل حل کئے جائینگے ،ایک دوسرے کا ساتھ دینے سے خوشحالی و ترقی کی گاڑی آگے بڑھے گی ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعلی ہاؤس سندھ میں اجلاس ہوا جس میں وزیراعلی سندھ، وفاقی وزراء احسن اقبال، خالد مقبول، مصدق ملک، جام کمال، عطا اللہ تارڑ اور صوبائی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی کابینہ میں بھی سندھ کی نمائندگی زیادہ ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، جام کمال اور قیصر شیخ کراچی میں رہتے ہیں اور خالد مقبول تو ہیں ہی کراچی کے ، میں سمجھتا ہوں اب سندھ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بڑے مسائل جلد حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،اب ہمیں ترقی کے سفر کو آگے بڑھانا ہے۔انہوں نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2022ء کے سیلاب نے صوبے میں تباہی پھیلائی تھی، سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد تعمیر نو کا مرحلہ شروع ہوا۔انہوں نے کہا کہ اتفاق ہوا تھا کہ70فیصد فنڈ ڈونر ایجنسیز فراہم کریں گے، 30فیصد فنڈنگ وفاقی اور سندھ حکومت مہیا کرے گی، اب تک ڈونر ایجنسیز نے 557.79ارب روپے دیئے ہیں ۔وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر 50کروڑ ڈالر کا پراجیکٹ ہے، سندھ حکومت نے 25ارب روپے جاری کیے، وفاق نے فنڈ نہیں دیئے،سکولوں کی تعمیر کا پراجیکٹ 11ہزار917ملین روپے کا ہے، گزشتہ 4 سال نئی اسکیمز میں وفاق نے سندھ کو نظر انداز کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں کراچی حاضر ہوا ہوں، پچھلے کچھ ماہ سے یہاں آنے کا پروگرام بنتا رہا اور تبدیل ہوتا رہا ، شاہ صاحب کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 8فروری کے الیکشن میں پیپلزپارٹی کو اللہ نے سندھ میں اور مسلم لیگ (ن) کو پنجاب میں خدمت کا موقع دیا، ہمیں مل کرپہلے سے زیادہ تعاون اور تعلق کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا مراد علی شاہ کیساتھ بھائیوں والا تعلق بن گیا ہے، سندھ، پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، دوسرے صوبوں کی ترقی بھی ملک و عوام کی ترقی ہے، ہمیں ایسے فیصلے کرنے پڑیں گے جو اپنے لئے شائد پسند نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر تشریف لائے تھے، آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں ایسے اور بھی وفد آئیں گے، سرمایہ کاری کیلئے دیگر ممالک سے لوگ بھی پاکستان کا رخ کریں گے ۔انہوں نے وزیراعلی سندھ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے تو خوشحالی و ترقی کی گاڑی آگے بڑھے گی ، ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں گے ،اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Author