سیاست آپ کا حق ، خارجہ پالیسی پر سب کو ایک ہونا چاہئے، بلاول بھٹو

اسلام آباد : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاست آپ کا حق، خارجہ پالیسی پر سب کو ایک ہونا چاہئے، اپوزیشن کے احتجاج سے دنیا کو غلط پیغام گیا، ہم آمروں کے مقابلے کرتے ہیں، جنگل کے بندروں سے ڈرنے والے نہیں،مولانا فضل الرحمن کو احتجاج کرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں کریں۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کل تاریخ رقم کی، صدر آصف زرداری نے ساتویں بار پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے عوامی اور معاشی حالات سے ملک کو نکالنے کیلئے روڈ میپ دیا مگر اپوزیشن اپنا ذاتی فائدے نکالنے میں لگی ہے، بد قسمتی سے اپوزیشن نے اپنی ایک الگ تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج سے دنیا کو غلط پیغام گیا، اپوزیشن کا احتجاج جمہوری نہیں تھا،پارلیمانی دائرے میں اپوزیشن کی تنقید کو ویلکم کرتے ہیں، سپیکر نے کل کے احتجاج پر آج ایک فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آمرو ں کے مقابلے کرتے ہیں، جنگل کے بندروں سے ڈرنے والے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاست آپ کا حق ہے مگر خارجہ پالیسی پر سب کو ایک ہونا چاہئے، تمام انفرااسٹرکچر کو انوائرمنٹ فرینڈلی بنانا ہو گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو احتجاج کرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں کریں،احتجاج ہو مگر حقیقت پر منی ہونا چاہئے ،مولانا تحقیقات کریں ان کے لوگ غلط بیانی کر رہے ہیں۔

Author