درگاہ جانے والا ٹرک کھائی میں جاگرا، 17 زائرین جاں بحق

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے حب میں درگاہ شاہ نورانی جانے والا زائرین سے بھرا ٹرک کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں 17افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ٹھٹہ سے درگاہ شاہ نورانی جانے والے زائرین سے بھرا ٹرک عیاں پیر کےقریب کھائی میں گرا۔
ٹرک کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 17افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایاکہ زائرین کا تعلق ٹھٹہ سے ہے اور ٹرک میں 30 سے زائد افراد سوار تھے۔
واقعے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر 12 شدید زخمیوں کو سول اسپتال کراچی منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر زخمی حب کے سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےلسبیلہ کے قریب زائرین کی گاڑی کو پیش آئے ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے.وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی ء درجات کی دعااور حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی.
ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts