عمرے کے بہانے سعودی عرب جانے والے 8 بھکاری گرفتار

ملتان(چائنہ اُردو)ایف آئی اے نے عمرے کی آڑ میں سعودی عرب میں بھیک مانگنے کے لئے جانے والے 8 مسافر پکڑ لئے، مسافروں میں 5 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ائرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں سعودی عرب جانے والے بھکاریوں اور انسانی اسمگلروں کے گروہ کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافروں میں 5 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں جن کا تعلق لودراں سے ہے، اور سب عمرے کے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے، دوران تفتیش مسافروں نے انکشاف کیا کہ وہ ایجنٹوں کی ملی بھگت سے سعودی عرب بھیک مانگنے کے غرض سے جا رہے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے انکشاف کیا کہ انہیں حجاز مقدس پہنچنے پر پاکستانی ایجنٹوں نے وصول کرنا تھا، اور بھیک سے حاصل کردہ آدھی رقم سب ایجنٹ کے حوالے کرنی تھی، اور ویزے کی مدت پوری ہونے کے بعد واپس پاکستان آنا تھا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی ایف آئی اے حکام کے مطابق ملتان سے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے والی ایک فیملی سے شک کی بنیاد پر پوچھ گچھ کی گئی تو دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ پوری فیملی بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جا رہی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش 16 رکنی فیملی نے بتایا کہ 3 ایجنٹوں نے سعودی عرب میں ان کی رہائش کے انتظامات کیے تھے، بھیک میں ملنے والی آدھی رقم ہم نے ایجنٹوں کو دینا تھی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس نے کہا کہ تمام فیملی ممبران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ بھکاریوں میں ایک شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts