چین کے شمال مغربی علاقے میں جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ سنٹر میں چینی خلاباز کائی شوزے (درمیان)، سونگ لنگ ڈونگ (دائیں) اور وانگ ہاؤژے پریس کانفرنس میں شریک ہیں۔(شِنہوا)
جیوچھوان(شِنہوا)چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) نے اعلان کیا ہے کہ چین کے شین ژو-19 کے خلاباز خلائی سائنس کی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے 86 تجربات کریں گے۔
شین ژو-19 خلائی مشن کے بارے میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سی ایم ایس اے کے ترجمان لِن شی چھیانگ نے بتایا کہ خلائی زندگی کی سائنس، مائیکرو گریویٹی بنیادی طبیعیات، خلائی مواد کی سائنس، خلائی ادویات اور نئی خلائی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق کی جائے گی۔
لِن شی چھیانگ نے کہا کہ شین ژو -19 کا عملہ پروٹین کرسٹل کی نشوونما اور مائیکرو گریویٹی حالات میں نرم مادے کی غیر توازن حرکیات کا ساختی تجزیہ کرے گا۔
ترجمان لِن شی کیانگ نے کہا کہ خلائی سٹیشن تیانگونگ کی سائنسی تحقیق اور ایپلی کیشن ڈویلپمنٹ پر مبنی رپورٹ اس کی تکمیل کی دوسری سالگرہ پر جاری کی جائے گی۔
عملے پر مشتمل شین ژو-19 خلائی جہاز بدھ کی (بیجنگ کے وقت کے مطابق) صبح 4 بج کر 27 منٹ پر چین کے شمال مغربی علاقے جی چھوان سیٹلائٹ لانچنگ سنٹر سے چھوڑا جائے گا۔ خلائی جہاز چینی خلابازوں کائی شوزے، سونگ لنگ ڈونگ اور وانگ ہاؤژے کو خلائی سٹیشن لے کر جائے گا۔