ہنرمندی کافقدان اور سائبر سکیورٹی بڑے چیلنجز ہیں، شزا فاطمہ

لاہور: وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن شزا فاطمہ خواجہ نے ہنرمندی کے فقدان اور سائبر سکیورٹی کو بڑے چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن میں بہت پیچھے ہے مگر بندش پر واویلا مچ جاتا ہے،جی ٹونٹی کا حصہ بننے کیلئے معیشت مضبوط کررہے ہیں، ملک میں فی کس پیدوار کو بڑھایا جائیگا ،بہترین مقاصد کے حصول کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کیساتھ مل کام کریں گے۔تفصیلات کے مطابق ایکسپو سنٹر لاہور میں گلوبل ڈیجیٹل سمٹ 2024ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نیشنل ڈیجیٹائزیشن پلان کا اعلان جلد کرے گی جس کا افتتاح وزیر اعظم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہوفاقی حکومت ڈیٹا پروٹیکشن قوانین لا رہی ہے جس سے مسائل کم ہوں گے، پاکستان کو جی ٹوئنٹی گروپ کا حصہ بنانا چاہتے ہیں جس کیلئے معیشت کو مضبوط کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کی معاونت کرے گی، بچوں کی تعلیم و ہنر کیلئے ٹیکنالوجی ایسا ذریعہ ہے جس سے نئی نسل کو آراستہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ15کروڑ نوجوان آبادی کو کس طرح چینلائز کرناہے اور ہنر کیسے دینا ہے یہ ایک چیلنج ہے ،حکومت کواس بات کا ادراک ہے کہ تعلیمی نظام وقت کے تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے انڈسٹری ایکیڈیمیا برج پروگرام شروع کیا ہے جس میں پرائیویٹ کمپنیوں کو ٹریننگ دی جائیگی ، پرائیویٹ آئی ٹی شعبے کی کمپنیاں حکومت کے ساتھ تعاون کریں تو پاکستان کی ٹاپ یونیورسٹیوں تک انہیں رسائی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے بچوں کے کورسز میں جدید آئی ٹی کے تقاضوں کے تحت بہت فاصلہ ہے کیونکہ اسے اپ ڈیٹ ہی نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کی ڈیجیٹائزیشن سے ملک میں مساوی ترقی کے امکانات پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں فی کس پیدوار کو بڑھایا جائے گا ،پرائیویٹ سیکٹر کے لیے حکومت کے دروازے کھلے ہیں، بہترین مقاصد حاصل کرنے کے لیے مل کام کریں گے۔ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن میں بہت پیچھے ہے، مگر انٹرنیٹ کی بندش پر واویلا مچ جاتا ہے، انٹرنیٹ بند ہونے سے وہ نقصان نہیں ہوتا جتنا معاملے کو میڈیا پر اجاگر کرنے سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج بھی ہمسایہ ملک کے 27شہروں میں انٹر نیٹ بند ہے، پاکستان میں انڈسٹری چلتی رہتی ہے کیونکہ مکمل انٹرنیٹ بند نہیں ہوتا جبکہ انٹر نیٹ شٹ ڈاؤن کا سب سے بڑا مجرم کون ہے؟ سکیورٹی مسائل رہتے ہیں کوشش ہوگی انڈسٹری کو پاور سکیورٹی اور انٹرنیٹ پر نقصان نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ہنرمندی کا فقدان اور سائبر سکیورٹی بڑے چیلنجز ہیں۔

Author