پاکستان، چین لازوال و بے مثال دوستی باہمی احترام و ترقی کا عملی مظہر ہے،ارشد ایوب

پاکستان چائنا فرینڈشپ اِیسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پاکستان اُور چین کے ’سفارتی تعلقات کی 73 ویں سالگرہ‘ کے موقع پر خیبرپختونخوا ہاو¿س اسلام آباد میں پُروقار تقریب کا انعقاد کیا کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے دونوں ممالک کے پاکستان چین کے گہرے تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلووں کو اجاگر کیا۔
اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک چائنا دوستی انجمن خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل سیّد علی نواز گیلانی نے چین کی سماجی و اقتصادی ترقی اُور خطے کے لئے ترقیاتی لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے بالخصوص خطے کی ترقی میں چین کی حکمت عملی کے مختلف پہلو اُجاگر کئے اُور کہا کہ قریبی دوست ہونے کے ناطے ہمارے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ ہم چین کی ترقی اُور سے جڑی پیچیدگیوں کو سمجھیں تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے گہرے تعاون سے خاطرخواہ فوائد حاصل کر سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی ارشد ایوب خان نے پاکستان اُور چین کی تاریخی دوستی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر چین کے کامیاب نفاذ سے سبق حاصل کرتے ہوئے عوام کے درمیان روابط اُور تعلقات کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آزمودہ دوست ہیں اور ہماری دوستی وقت کی آزمائش پر پوری اتری ہے۔ ہمیں ثقافتی‘ تجارتی اور کاروباری تبادلوں میں اضافے کے ذریعے اِن تعلقات کو مضبوط بنانا جاری رکھنا چاہئے۔ ارشد ایوب خان نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کے لئے گیم چینجر ہے اور تعاون میں اضافے سے ہم مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی دیکھیں گے۔ اُنہوں نے ’پی سی ایف اے کے پی‘ کی کاوشوں کو بھی سراہا اُور ثقافتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے جیسے اقدامات کی حکومتی سرپرستی و حوصلہ افزائی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر چینی زبان سیکھنے اور چینی ماہرین کے ساتھ تعلقات پر زور دیا تاکہ ان کے تجربات اور مہارت سے خاطرخواہ فائدہ اُٹھایا جاسکے۔
تقریب کے مہمان خصوصی چین کے کلچرل کونسلر ژانگ ہیکنگ نے خطاب کرتے ہوئے چین اُور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ’پی سی ایف اے کے پی‘ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے چین اور پاکستان کے درمیان تاریخی روابط اور ان کی شراکت داری کے ثقافتی اور معاشی فوائد پر روشنی ڈالی۔ ژانگ ہیکنگ نے سی پیک کے کامیاب نفاذ اور جاری منصوبوں کا ذکر کیا جن میں پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے شاہراہوں اور موٹر ویز کی تعمیر کے چالیس سے زائد منصوبے شامل ہیں۔ قبل ازیں ’پی سی ایف اے کے پی‘ کے صدر یوسف ایوب خان نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پاک چین تعلقات کی کامیاب تاریخ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ 73ویں سالگرہ اِس شراکت داری کی پائیدار اُور کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب میں آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن کے صدر وانگ ہیہوا‘ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ سلیم خان اور پیسکو کے ڈائریکٹر شکیل خان سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ چینی میڈیا گروپ کے ارکان اور پی سی ایف اے کے پی کے دیگر ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سید علی نواز گیلانی نے ایسوسی ایشن کی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ پاک چین سفارتی تعلقات کی 73ویں سالگرہ کا جشن نہ صرف شاندار ماضی کی یاد دلاتا ہے بلکہ مسلسل تعاون اور باہمی ترقی کے امید افزا مستقبل کا بھی نکتہ آغاز ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts