انٹرپول پاکستان کی کارروائی، سعودی عرب سے قتل کا اشتہاری ملزم 8 سال بعد گرفتار

اسلام آباد : ایف آئی اے انٹرپول عملے نے کارروائی کرتے ہوئے 8 سال بعد قتل کا اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے انٹرپول عملے نے کارروائی کرتے ہوئے پنجاب پولیس کو مطلوب قتل کے اشتہاری ملزم رفیق احمد کو 8 سال بعد سعودی عرب سے گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم 2016ء میں قتل کر کے ملک سے فرار ہوگیا تھا جس کیخلاف تھانہ جمال ڈی جی خان میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کیا ہوا تھا،ملزم کو پنجاب پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان نے رواں سال کے دوران سنگین جرائم میں مطلوب 50 ملزمان کو مختلف ممالک سے گرفتار کیا جبکہ رواں سال کے دوران اغواء ہونیوالی کمسن بچی کو بھی دبئی سے بازیاب کرایا گیا ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اغواء اور کرپشن کے مقدمات میں مطلوب تھے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹسز جاری کئے گئے تھے اور انہیں ایئر پورٹ پر متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے این سی بی انٹرپول پاکستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ این سی بی انٹرپول پاکستان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 24/7پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کیلئے دنیا میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں، ملزمان کی معلومات بارے بھی انٹرپول کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم میں مطلوب عناصر کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، اس حوالے سے عالمی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کئے جائیں۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts