مشعال ملک کا بھارت سے شوہر یاسین ملک سے ملاقات کرانے کا مطالبہ

اسلام آباد: اسیر حریت پسند رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارت سے شوہر سے ملاقات کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس سال سے میری اور بیٹی کی شوہر سے ملاقات نہیں کروائی گئی، دنیا کا کوئی قانون خاندان کو ملنے سے نہیں روکتا، بھارت قیدیوں کیلئے جنیوا کنونشن کا دستخط کنندہ ہے ، اقوام متحدہ بھارت سے ملاقات کے تحفظ کا تحریری حکم نامہ لے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی قید میں مزید ایک سال مکمل ہونے پر حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ایک ویڈیو پیغام میں بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ جنیوا کنونشن کے قوانین کے تحت انہیں اپنی 12سالہ بیٹی رضیہ سلطانہ کے ہمراہ تہاڑ جیل میں قید شوہر یاسین ملک سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان نے گزشتہ دس برس سے ایک دوسرے کو نہیں دیکھا، وہ سب ایک دوسرے کو دیکھنے کو ترس گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی قانون خاندان کو ملنے سے نہیں روکتا،بھارت قیدیوں کیلئے جنیوا کنونشن کا دستخط کنندہ ہے، لیکن آج تک بھارت کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ، عالمی اداروں اور حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا جائزہ لیں اور بھارت پردباؤ ڈالیں کہ وہ تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں موجود شوہر سے ان کی محفوظ ملاقات کے انتظام کی تحریری ضمانت دے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جائز آواز کو دبانے کیلئے بھارتی نام نہاد عدالتوں نے یاسین ملک کو دھوکہ دہی کے مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی اور اب بھارتی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مضبوط آواز کو خاموش کروانے کیلئے فرضی مقدمات کا سہارا لے کر انہیں سزائے موت سنانا چاہتی ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts