پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے، پی ٹی آئی

اسلام آباد : پی ٹی آئی نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر حملے کو جمہوریت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ہتھکنڈے آزمانے کے باوجود عمران خان کی طاقت دن بدن بڑھتی جارہی ہے، عمران خان کو لائیو دکھایا جائے، عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، دیکھتے ہیں کون للکارتا ہے۔تفصیلا ت کے مطابق خیبرپختونخواہ ہاؤس میں پی ٹی آئی رہنماؤں لطیف کھوسہ، فردوس شمیم نقوی اور علی محمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ رات کو ہمارے سیکریٹریٹ پر نقب لگائی گئی، ایک دن پہلے بھی یو این کا وفد بیٹھا تھا تو انہوں نے ہم پر اٹیک کیا گیاتھا، یو این کی گاڑی بھی چیک کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام نے عمران خان کو ووٹ دیا وہ سب کے سامنے ہے، انہوں نے تمام ہتھکنڈے اپنا کر دیکھ لئے مگر اس لیڈر کی طاقت دن بدن بڑھتی رہی، نہ یہ خان صاحب کو مجبور کرسکے نہ ہی ان کی پارٹی کو، عمران خان نے کہا تھا کہ ان کے پاس اب ایک ہی راستہ رہ گیا ہے کہ اب ہمیں یہ قتل کر دیں اور یہ بات اب اسی طرف جاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رات کو جو کچھ ہوا ان کی سزا ملنی چاہیے، احکامات کہیں اور سے آتے ہیں اور یہ لوگ ٹاٹ ہیں، عامر مغل کو کل سیکرٹریٹ سے گرفتار کیا اور دہشت گردی کی دفعات لگائی گئیں، میرے کیس میں دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی گئیں۔
اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا کہ پورے اسلام آباد میں کوئی ایسی جگہ رہنے دیں جہاں ملک کی سب سے بڑی جماعت کیمرے کے سامنے بات کر سکے، کل رات جو پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر حملہ ہوا وہ جمہوریت پر حملہ تھا، پی ٹی آئی وہ جماعت ہے جس نے پیغام دیا کہ سیاست مڈل کلاس لوگوں کا کام ہے، ہم نے وہ زمانہ بھی دیکھا جب پاکستان سے نوجوان بدظن ہو کر دیگر ممالک جارہے تھے، جب سیاسی جماعتوں کے دفاتر بند ہوں تو نان اسٹیٹ ایکٹرز کو موقع ملتا ہے، کل رات جو ہوا کیا تحریک انصاف کا نظریہ ایک بلڈنگ میں ہے؟ نظریہ تو سینے میں ہے بلڈنگ تو بس سر چھپانے کی جگہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب آپ سکول میں تھے تب عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا جھنڈا لے کر پھرتا تھا، افسوس یہ قوم کب تک اپنے لیڈرز کو بلی چڑھتے دیکھتی رہے گی، ہمارے ورکرز کے ساتھ کیا کیا نہیں ہوا، 80 سالہ ڈاکٹر یاسمین راشد جو کینسر کی مریضہ ہیں وہ بیڈ پر پڑی ہیں، آپ کیا سمجھتے ہیں کہ شہ رگ پر حملہ کرکے رؤف حسن کو ڈرایں گے، تو یہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جارہا ہے، وہ خود سپریم کورٹ جانا چاہتے تھے، ایک ایٹمی ریاست ایک سابق وزیر اعظم کو اڈیالہ سے سپریم کورٹ تک چالیس منٹ کے راستے کی سیکیورٹی نہیں دے سکتی، خیبر پختونخوا ہاس میں بیٹھے ہیں پختونوں نے قائد کا ساتھ دیا، سرمایہ کاری سہولت کانفرنس میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو نہیں بلایا گیا اور نہ بلاکر آپ نے پشاور کو اسلام آباد سے کیا پیغام دیا؟۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ وزیر داخلہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ سیریز آف ایکشن ہم دیکھ رہے ہیں، آج بلڈنگ کے باہر زمین پر بیٹھ کر کور کمیٹی کا اجلاس کریں گے۔لطیف کھوسہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، پنجاب کا میں ایم این اے ہوں وہاں کا دفتر بھی سیل کیا ہو اہے، دفتر کے مالک کو گرفتار کر کے نو مئی والا ٹرائل کیا جا رہا ہے باقاعدہ ڈاکا مارا جاتا ہے وہاں، ہمارا سامان، ٹی وی فرنیچر اور دیگر اشیا کی چوری اور ڈکیتی کی جاتی ہے، ان کی سپرویژن میں کی جاتی ہے، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو منحرف کر دیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو للکار ا جارہا ہے ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، دیکھتے ہیں عدلیہ کو کون للکارتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو لائیو دکھایا جائے، اگر عمران خان کو ویڈیو لنک پر لاتے ہیں تو اس کو میوٹ کر دیتے ہیں، میں عدلیہ سے درخواست کرتا ہوں کہ عمران خان کو طلب کریں وہ ایک تاریخی خطاب ہوگا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts