ہمارے اداروں کے درمیان حالات اچھے نہیں ہیں، علامہ طاہر اشرفی

ہمارے اداروں کے درمیان حالات اچھے نہیں ہیں، علامہ طاہر اشرفی
لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان حالات ہمارے سامنے ہیں وہ اچھے نہیں ہیں۔لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم سیاسی استحکام کےلیے قدم آگے بڑھائیں۔ ملک کی معاشی حالت اچھی نہیں، سیاسی استحکام لانا ہوگا، عرب ممالک پاکستان کی طرف متوجہ ہیں، سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان اس وقت اقتصادی مشکلات کا شکار ہے۔ ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کار آ رہے ہیں۔ 9 مئی کے ملزموں کو ایک سال سے سزا نہیں ملی۔ آزاد عدلیہ چاہتے ہیں، صدر اور وزیراعظم اپنا کردار ادا کریں۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ کرغزستان واقعے پر سیاسی پوائنٹ اسکور کیے گئے، ہر پاکستانی کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، سفارتخانہ غفلت کا ذمہ دار پایا گیا تو کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بچیوں سے ہراسانی کی افواہ سازی کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ افواہ سازی کیخلاف کارروائی کریں۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ پاکستان سے ہزاروں عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے۔ 80 ہزار پرائیویٹ اور 70 ہزار سرکاری عازمین ہیں۔انہوں نے کہا کہ عازمین حج کےلیے شکایت سینٹر قائم کیے گئے ہیں، پاکستانی عازمین حج سعودی قوانین پر عمل کریں، عازمین حج سیاسی اور فرقہ وارانہ گفتگو سے گریز کریں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts