خوشاب، ٹرک کھائی میں جا گرا، 13افراد جاں بحق،9 زخمی

خوشاب : خوشاب میں بریک فیل ہونے سے ٹرک کے کھائی میں گرنے سے 13افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع خوشاب کے علاقے پنج پیر مناواں روڈ پر بریک فیل ہونے سے بے قابو ہو کر ٹرک کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 13افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 9افراد زخمی بھی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افرادکا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، متاثرہ خاندان بنوں سے مزدوری کے لیے ٹرک میں خوشاب آرہا تھا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی 9افراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مرنے والوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کی جائیں گی۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts