ہاکی کی بہتری کیلئے کوئی کسرنہیں چھوڑیں گے، یقین ہے یہ دوبارہ عروج حاصل کریگا، شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہاکی کے کھیل کی بہتری کیلئے کوئی کسرنہیں چھوڑیں گے، یقین ہے یہ دوبارہ عروج حاصل کرے گا،خواہش ہے کھلاڑیوں میں ماضی کے ہیرودکھائی دیں،کھلاڑیوں کو محکموں میں شامل کرنے کی پالیسی پر ایک ہفتے میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج مہمان خصوصی بن کر نہیں ، ملک کا نام ہاکی کے میدان میں بلند کرنے کو سراہنے کیلئے آپ کے سامنے موجود ہوں،آج کی تقریب کے مہمان خصوصی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ، فیڈریشن عہدیدار ،اولمپکس گیمزمیں حصہ لینے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہماری ہاکی ٹیم ہاری نہیں جیتی ہے ، پچھلے ڈیڑھ دو عشروں سے پاکستان میں ہاکی کا کھیل انحطاط کا شکار رہا ، سمجھ نہیں آتی تھی کہ کب وہ دن آئیگا جب پاکستان کے عوام آپ کی کارکردگی دیکھ کر صلاح الدین ، اختر رسول اور دوسرے مایہ نازکھلاڑیوں کو یاد کریں گے جنہوں نے دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج میں کہہ سکتاہوں کہ ماضی کے دن واپس آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے ہاکی کا کھیل دوبارہ عروج پائے گا، میری خواہش ہے ہاکی کے کھلاڑیوں کی کارکردگی ایسی ہو کہ ماضی کے ہیروز آپ میں دکھائی دیں۔انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ مگر جس شاندار انداز سے مقابلہ کیا گیا وہ مستقبل میں جیت کی نوید ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی کے فروغ اور بحالی کیلئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی،اس کی بہتری کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، اس سلسلہ میں فیڈریشن اور دیگر فریقین کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت کی مشترکہ کاوشوں پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، گزشتہ دور حکومت میں 16ماہ ہمارے لئے انتہائی مشکل تھے ،مشکل حالات میں ہم نے ملکی معیشت کو بہتری کی طرف گامزن کیا، اس وقت ہم نے کرکٹ، ہاکی و دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو محکموں میں شامل کرنے کی پالیسی کا اعلان کیا تھا، اب اس کو یقینی بنایا جائیگاکہ ہمارے کھلاڑیوں کو اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں اور انہیں وسائل کی کمی کاسامنا نہ ہو۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ و چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کو ایک ہفتے کے اندر پالیسی کااجرااور عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts