راولپنڈی، ہسپتال مالک کے اغوا میں ملوث 3سابق سرکاری ملازم گرفتار، اسلحہ ، تاوان کی رقم برآمد

راولپنڈی: راولپنڈی میں ہسپتال مالک کو تاوان کیلئے اغوا کرنیوالے 3سابق سرکاری ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ہارلے اسٹریٹ کے رہائشی محمد علی قاسم نے 9مئی کو مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ میرے 55سالہ والد قاسم اسحاق 8مئی کو مغرب کی نماز ادا کرکے ہارلے سٹریٹ مسجد سے نکلے تو سبز نمبر پلیٹ لگی گاڑی سواروں نے انہیں اغوا کرلیا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔
پولیس کی مطابق ملزمان نے مغوی کے فون نمبر کے ذریعے مغوی کہ اہلیہ جو ہارلے سٹریٹ کے نجی ہسپتال کی ڈاکٹر اور مالکن بتائی جاتی ہیں سے ڈیرھ سے دو کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور وقفے سے وقفے سے مطالبے پر ایک کروڑ 36لاکھ روپے پربات طے ہوئی، پولیس ٹیم نے آئی ٹی اور ہیومین انٹلیجنس کی مدد سے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے ڈھوک سیداں کے قریب تاوان کی رقم وصولی اور مغوی کی رہائی کا عندیہ دیا جیسے ہی ملزمان تاوان کی رقم لیکر نکلے اور مغوی ان کے چنگل سے چھوٹا ،پولیس ٹیم نے ملزمان کا تعاقب کرکے انھیں گھیر لیا، جس پر ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے دوران ملزمان کی اپنی فائرنگ کے نتیجے میں تین ملزمان زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت سعید ،شہزاد اور سرفراز کے ناموں سے ہوئی جن سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی تاوان رقم اور گاڑی برآمد کرلی گئی ہے ۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان سرکاری ادارے سے برطرف کئے گئے ہیں،اس بارے تحقیقات جاری ہیں جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts