سرکاری ملازم کو صحافیوں سے تعلق مہنگا پڑ گیا، امتیازی سلوک کا شکار

اسلام آباد (انٹرنیوز) وفاقی سرکاری ادارے کے ملازم محمد عرفان کا صحافیوں سے تعلق رکھنا مہنگا پڑ گیا اور انکو امتیازی سلوک کا شکار بنایا جانے لگا۔
معلومات کے مطابق محمد عرفان کا مختلف صحافیوں خاص طور پر معروف صحافی ارشد شریف اور صابر شاکر کے ساتھ قریبی تعلق رکھنے اور انکو بعض حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں اسلام آباد سے دور دراز قبائلی علاقوں میں تبادلہ کردیا گیا۔
واضح رہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے کے ملازم محمد عرفان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم عمران خان حکومت کے خاتمے کے بعد بعض اہم سرکاری معلومات ایسے صحافیوں کو فراہم کر رہا تھا جو اسٹیبلشمنٹ اور پی ڈی ایم کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہیں۔
محمد عرفان نے انٹرنیوز نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ان کو بغیر کسی وجہ کے انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور یہ کہ انہوں نے کسی قسم کی سرکاری معلومات کسی صحافی کو فراہم نہیں کی ہیں۔
محمد عرفان نے مزید بتایا کہ دور دراز قبائلی علاقے میں تبادلے کے بعد وہ خوفزدہ ہیں کہ انہیں یا ان کے گھروالوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts