کارکردگی پر بات نہ کرپانے پر ناقدین کردار کشی کرتے ہیں ،عظمی بخاری

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ کارکردگی پر بات نہ کرپانے پر ناقدین کردار کشی کرتے ہیں ،طعنہ زنی کی بجائے کارکردگی میں مقابلہ کیا جائے، پالیسی بنانا حکومت کا کام ،انتظامیہ عملدرآمد کرتی ہے، کہاں لکھا ہے روٹی کی قیمت حکومت کے علاوہ کوئی اور طے کرے گا یا اسٹریٹ لائٹس کا رنگ کیسا ہوگا؟، ہم کسی ادارے کے کام نہیں کر رہے تو کوئی ہمارے کام بھی نہ کرے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے اقدامات کررہی ہے، مریم نواز نے آتے ہی رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ناقدین جب ہماری کارکردگی کے حوالے سے بات نہیں کرسکتے تو کردار کشی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طعنہ زنی کرنے کی بجائے پر کارکردگی میں مقابلہ کیا جائے، ہمارے کاموں پر پہلے تنقید کی جاتی ہے پھر خود وہی کام بھی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، پنجاب میں مہنگائی کی شرح 36فیصد سے کم ہوکر 17فیصد پر آگئی،پنجاب کی طرح دیگر صوبوں میں بھی مہنگائی میں کمی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں 20کلو آٹے کا تھیلا 1800روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ مرغی کا گوشت 230روپے فی کلو سستا ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی بنانا حکومت کا کام ہے، انتظامیہ اس پر عمل درآمد کرتی ہے، یہ کہاں لکھا ہے کہ روٹی کی قیمت حکومت کے علاوہ کوئی اور طے کرے گا یاسٹریٹ لائٹس کا رنگ کیسا ہوگا؟، جب ہم کسی اور ادارے کے کام نہیں کر رہے تو کوئی ہمارے کام بھی نہ کرے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts