حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے،ایس آئی ایف سی کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، عطاء تارڑ

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے،ایس آئی ایف سی کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات لارہے ہیں ،سوشل میڈیا کے غلط استعمال ،جعلی خبروں کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ سے پاکستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں آزادی اظہار رائے، حکومتی معاشی اقدامات سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں اقتدار احمد، مکرم حسین، ریاض احمد، شیخ ساجد، محمد عبدالودود، جبون احمد سارکار، قمر الزمان اور معین الحق شامل تھے،اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔
وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت کی پوری توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، عالمی جرائد بھی معیشت میں بہتری کی پیشنگوئی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، یہ منصوبے نہ صرف معیشت کو فروغ دیں گے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے قائم کی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات لارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے،ہم صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی صحافیوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے حکومت کے معاشی اقدامات بارے جاننے میں دلچسپی لی۔
وفد نے تعاون کرنے پر حکومت ، وزارت اطلاعات اور صحافتی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے اچھا لگا، ایسے دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ،عوامی سطح پر روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts