کئی سعودی و پاکستانی کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری معاہدے طے پا چکے،جام کمال

اسلام آباد : وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ کئی سعودی و پاکستانی کمپنیوں کے باہمی معاہدے طے پا چکے ہیں ،پاک سعودی سرمایہ کار زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری اپنے فائدے کو دیکھ کر طے کریں گے،کامن ویلتھ ،وسط ایشیائی ممالک کیساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے مثبت اثرات جلد نظر آنا شروع ہو جائینگے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونیوالی پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ کئی سعودی اور پاکستانی کمپنیوں کے ایک دوسرے کے ساتھ معاہدے طے پا چکے ہیں، بہت سی کمپنیوں کا ایک دوسرے کیساتھ اتفاق رائے ہو چکا جبکہ کئی کمپنیاں بات چیت آگے بڑھا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کی آمد کراؤن پرنس کے دورہ پاکستان کا اہم حصہ ہے۔وفاقی وزیر نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کئی ملین ایکڑز زرعی زمین ٹھیکے پر دینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے، زراعت کے شعبے میں جو سرمایہ کاری ہوگی وہ دونوں ممالک کے سرمایہ کار اپنے فائدے دیکھتے ہوئے طے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عرب ممالک کے علاوہ کامن ویلتھ اور وسط ایشیائی ممالک کیساتھ بھی تجارت کا حجم بڑھا رہا ہے جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات جلد نظر آنا شروع جائیں گے۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts