حج آپریشن شروع، پہلی پرواز (آج) مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگی

اسلام آباد: پاکستان سے حج 2024 ء آپریشن کا آغاز (آج) جمعرات سے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سے حج 2024 ء کیلئے پہلی پرواز (آج) جمعرات کو اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوگی ۔ ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2024ء کیلئے فلائٹ آپریشن 9مئی تا 9جون تک جاری رہے گا،حج آپریشن کے پہلے 15روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ائرپورٹ اتریں گی جس کے بعد 24مئی تا 9جون بیشتر پروازیں جدہ ائرپورٹ پر لینڈ کریں گی، فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے ۔
ترجمان کے مطابق (آج) اسلام آباد سے 3پروازوں کے ذریعے 680عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ کراچی سے 2پروازوں کے ذریعے 330مسافر روانہ حجاز مقدس جائیں گے جبکہ لاہور سے 3پروازوں کے ذریعے 670 مسافر فریضہ حج کیلئے سعودی عرب پہنچیں گے،اسی طرح ملتان سے 2پروازوں کے ذریعے 329،سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151عازمین مدینہ منورہ پہنچیں گے۔
کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11مئی کو اور سکھر سے پہلی حج پرواز 27مئی کو روانہ ہو گی۔ترجان کے مطابق مجموعی طور پر 259حج پروازوں کے ذریعے 68ہزار سے زائد سرکاری عازمین حج سعودی عرب پہنچیں گے جس کے بعد حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو مکمل ہوگا اور 20جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts