لاہور: نوازشریف کو مسلم لیگ ن کا دوبارہ صدر بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ماڈل ٹاؤن میں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں 11 مئی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے، موجودہ سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی قیادت کو 11 مئی کو جنرل کونسل اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے بریف کیا۔
نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق شریک ہوئے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق 11 مئی کو ن لیگ کی جنرل کونسل کے طلب کردہ اجلاس میں نوازشریف کو پارٹی کا دوبارہ صدر اور خواجہ سعد رفیق کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا جائے گا، شہبازشریف کے پاس اس وقت وزیراعظم اور پارٹی صدارت کا عہدہ بھی موجود ہے۔
جنرل کونسل اجلاس میں نوازشریف کو صدر بنانے کی قرارداد پیش کی جائے گی، مسلم لیگ ن پنجاب کی تنظیم متفقہ طور پر پہلے ہی نوازشریف کو پارٹی صدر بنانے کی قرارداد پاس کر چکی ہے، موجودہ صدر وزیراعظم شہباز شریف حکومتی مصروفیات کے باعث پارٹی امور کو وقت نہیں دے پارہے تھے۔
پارٹی کو عوامی سطح پر فعال اور منظم بنانے کے لئے حکومتی اور تنظیمی عہدے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ن لیگ کی از سر نو تنظیم سازی کرکے پارٹی کو نوازشریف کی قیادت میں دوبارہ چاروں صوبوں میں متحرک اور فعال کیا جائے گا۔
ن لیگ کے پلیٹ فارم سے حکومتی مجبوریوں سے آزاد ہو کر عوامی امنگوں کے مطابق سیاست کی جائے گی، نواز شریف از سر تنظیم سازی کے لئے چاروں صوبوں کے دورے کریں گے، پارٹی کو منظم اور کھوئی ساکھ کو بحال کرنے کے لئے مرکزی سطح سے لیکر یونین کونسل کی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کی جائے گی۔
پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ مرکز سمیت چاروں صوبوں، جی بی میں پارٹی قیادت کی تبدیلی بھی زیر غور ہے، جنرل کونسل اجلاس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے مرکزی کونسلرز شرکت کریں گے۔اجلاس میں مرکزی مجلس عاملہ، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ بھی اجلاس میں مدعو کئے گئے ہیں۔
Load/Hide Comments