پشاور ،شہری نے ساڑھے پانچ کروڑ روپے کی جعلی کرنسی بینک میں جمع کروا دی

پشاور میں شہری نے ساڑھے پانچ کروڑ روپے کی جعلی کرنسی جمع کروا کر بینک کو چونا لگا دیا، ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاورمیں ایک شہری نے مبینہ طور پرساڑھے پانچ کروڑ روپے کی جعلی کرنسی جمع کروا کر بینک حکام کو چونا لگا دیا۔
ایف آئی اے لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے رہائشی ہارون کو لاہور سے گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم ہارون نے پانچ کروڑ 82لاکھ پشاور کے نجی بینک میں 27اپریل کو جمع کرائے پھر 29اپریل کو لاہور سے 50لاکھ روپے کیش کروائے، ملزم ہارون نے مزید 2کروڑ روپے کیش کروانے کیلئے ڈرافٹ تیارکروایا۔
تاہم پشاور بینک کی اطلاع پر لاہور کے سندرداس روڈ پر واقع بینک کے برانچ منیجر نے ایف آئی اے کو کال کر کے ملزم ہارون کو گرفتار کرادیا۔ بینک حکام کے مطابق پشاور میں جمع کرائی گئی رقم جعلی تھی، ملزم پرانا کسٹمر تھا اس لئے موقع پرکرنسی نوٹ چیک نہیں کئے گئے ۔
دوسری جانب ملزم ہارون نے کہا ہے کہ دو دن بعد بینک کے عملے کو خیال آیا کہ نوٹ جعلی ہیں، موقع پر بینک عملہ کو متعدد بار کرنسی چیک کرنے کا کہا، بینک حکام کی تسلی کے بعد گھر روانہ ہوا تھا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts