غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروشی قابل برداشت نہیں،بھکاری مافیااور منشیات گینگز کیخلاف کارروائی کی جائے، ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کسی طور قبول نہیں، اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز جلد نمٹائے جائیں، ترقی ملازمین کا حق ہے جو اسے وقت پر ملنا چاہئے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں انہیں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے، ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر و مقامات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیرداخلہ نے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز کو پکڑا جائے، تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروش مستقبل کے دشمن ہیں ان کے خلاف سخت ترین ایکشن ہوگا۔وزیر داخلہ نے بھکاری مافیا اور پیشہ ور گدا گروں کیخلاف موثر کارروائی کیساتھ مختلف مقدمات کی ایف آئی آر کے اندراج کو 100فیصد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں، ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو فوری نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترقی ملازم کا حق ہے جو اسے وقت پر ملنی چاہئے، پروموشن سے پولیس فورس کے مورال میں بہتری آئے گی۔انہوں نے اسلام آباد پولیس میں تمام خالی آسامیوں پر بھرتی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔اجلاس میں اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جامع پلان طلب کیا گیا اور ٹریفک زیادہ جام رہنے والے مقامات کی نشاندہی کر کے قابل عمل حل تجویز کرنے کی ہدایت کی گئی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی کا نظام لاہور سیف سٹی کی طرح جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہوگا، اسلام آباد میں تھانوں کی حالت بہتر کر رہے ہیں چند مہینوں میں اچھے نتائج ملیں گے۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts