نواز شریف ایک فیصد بھی وزیراعظم بننے کیلئے ذہنی طور پر تیار ہوتے تو کوئی طاقت روک نہیں سکتی تھی،عرفان صدیقی

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نواز شریف ایک فیصد بھی وزیراعظم بننے کیلئے ذہنی طور پر تیار ہوتے تو کوئی طاقت روک نہیں سکتی تھی، تاثر دینا کہ لیگی قائد کا راستہ ان دیکھی طاقت یا شہباز شریف نے روکا بے بنیاد ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ الیکشن سے قبل نواز شریف کے ساتھ ملاقاتوں میں تاثر ملا کہ شائد وہ چوتھی بار وزیراعظم بننے پر آمادہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا تاثر دیا گیا کہ نواز شریف وزیراعظم بنننے کیلئے بہت بے تاب اور بے چین تھے، نواز شریف کا راستہ نہ ان دیکھی طاقت اور نہ شہباز شریف نے روکا۔انہوں نے کہا کہ میں اس اجلاس میں موجود تھا جس میں نواز شریف نے وزارت عظمی شہباز شریف کو دینے کا اعلان کیا، اگر نواز شریف ایک فیصد بھی وزیراعظم بننے کیلئے ذہنی طور پر تیار ہوتے تو کس طاقت نے ان کو روکنا تھا؟ کوئی طاقت نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنا نے یہی تاثر لیا ہوگا کہ دو تہائی اکثریت ہوگی تو نواز شریف وزیراعظم بنیں گے میں اس تاثر کی نفی نہیں کر رہا ہوں، نواز شریف وزیراعظم کی کرسی پر نہیں تو کیا یہ (ن) لیگ یا نواز شریف کی حکومت نہیں؟۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پارٹی میں نواز شریف کیخلاف کوئی سازش نہیں ہورہی، سازش اس وقت ہوتی اگر نواز شریف اقتدار کیلئے بے چین ہوتے۔انہوں نے کہا کہ ،پارٹی میں نواز شریف کے مقام و مرتبے میں کوئی فرق نہیں آیا، لوگوں نے پاکستان کو نواز دیا تو فیصلے کس نے کئے ،اسی نواز نے کئے ہیں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts