مظفر گڑھ، 4روز قبل اغوا ہونیوالا بچہ بازیاب، ملزمہ گرفتار

مظفر گڑھ : مظفر گڑھ میں پولیس نے 4روز قبل اغوا کئے جانیوالے 14ماہ کے بچے کو بازیاب کروا لیا۔ تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے خانپور بگا شیر میں 21 اپریل کو 14 ماہ کے بچے عبدالحنان کو اس کے گھر کے گیٹ سے اغواء کیا گیا تھا جس کا مقدمہ اس کے دادا کی مدعیت میں تھانہ صدر میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے بچے کی تلاش شروع کرتے ہوئے اسے سلطان کالونی کے قریب ایک مسافر وین سے بازیاب کروا کے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر افتخار ملکانی کے مطابق ملزمہ بچے کو دوسری جگہ منتقل کر رہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ملزمہ 4روز تک مغوی بچے کو لے کر مختلف مقامات پر سفر کرتی رہی۔انہوں نے بتایا کہ مغوی بچے کو والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

Author