کراچی، غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب دھماکہ، چار افراد ہلاک ،2 زخمی

کراچی : کراچی کے علاقے لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک اور ایک سیکورٹی اہلکار اور ڈرائیور جاں بحق ہو گئے جبکہ دو دوسرے افراد زخمی ہوگئے۔ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی کے مطابق دہشت گردوں نے جس گاڑی کو نشانہ بنایا اس میں 5جاپانی شہری سوار تھے جو ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جارہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حملے میں تمام غیر ملکی شہری محفوظ رہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایاجبکہ دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا جبکہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2سکیورٹی گارڈ زسمیت 3افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق گاڑی کو موٹرسائیکل پر سوار خود کش بمبار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جائے وقوعہ سے کلاشنکوف اور دستی بم سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ہسپتال حکام نے بتایا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان اور سلمان رفیق شامل ہیں جن میں سے دوافراد کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ صبح 6 بج کر50 منٹ پر کیا گیا،جائے وقوعہ کے قریب کالے بیگ میں ہینڈ گرنیڈ اور موٹرسائیکل ملی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ غیر ملکی شہریوں کے ساتھ مسلح گارڈ موجود تھا جس نے حملہ آور پر جوابی فائرنگ کی اور وہ خود بھی زخمی ہوا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور کا سر اور کچھ اعضاء ملے ہیں، ہلاک دوسرے دہشت گرد کے فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ خطرہ موجود تھا کہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنایا جائے اسی سلسلے میں اجلاس بھی منعقد ہوئے تھے، اسی لئے سی پیک اور دیگر پروجیکٹس پر سکیورٹی سخت کی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق حملہ آور پیدل تھے، حملہ آوروں کے پاس 6دستی بم، ایس ایم جی،اس کے 3میگزین اور پیٹرول کی 2بوتلیں تھیں، تمام چیزیں حملہ آوروں کے پاس موجود بیگ میں تھیں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts