چینی صدر اور سلوواکیہ کے وزیراعظم کی ملاقات،تعلقات کے فروغ پر اتفاق

بیجنگ،چینی صدر شی جی پھنگ سلوواکیہ کے وزیراعظم رابرٹ فیکو سے عظیم عوامی ہال میں ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ سے سلوواکیہ کے وزیراعظم رابرٹ فیکو نے بیجنگ میں ملاقات کی۔

رواں سال چین اور سلوواکیہ کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کا حوالہ دیتے ہوئے چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ تین چوتھائی صدی گزرنے کے بعد دونوں ممالک کے مابین روایتی دوستی مضبوط تر ہوئی ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوئے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔

چینی صدر نے کہا کہ ہم نے چین۔سلوواکیہ تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو دونوں ممالک کی مستقبل کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرے گا اور دوطرفہ تعاون میں نئی توانائی ڈالے گا، چین دوطرفہ تعلقات میں ایک نیا باب رقم کرنے اور اپنے تعلقات کو اعلیٰ سطح تک لے جانے کے لئے سلوواکیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی سیاسی اعتماد مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھیں۔ تزویراتی مواصلات کو مضبوط بنائیں۔ باہمی احترام، مساوات اور باہمی فائدے کی پاسداری کریں اور اہم خدشات کو دور کریں۔

چینی صدر نے کہا کہ چین نے سلوواکیہ کے شہریوں کو 15 دن کا ویزا فری داخلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ چین یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ اگلے سال چین اور یورپی یونین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ ہے۔ چین اور یورپی یونین کے تعلقات کو سنجیدہ اورمستحکم ہونا چاہئے۔

اس موقع پر سلوواکیہ کے وزیراعظم رابرٹ فیکو نے کہا کہ سلوواکیہ ایک چین کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کو پورے چین کی نمائندگی کرنے والی واحد قانونی حکومت کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔ سلوواکیہ دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کی مخالفت کرتا ہے اور ہر ملک کی ترقی کے راستے کے انتخاب کا احترام کرنے کی وکالت کرتا ہے۔

رابرٹ فیکو نے کہا کہ ہم اپنے شہریوں کو 15 دن کے ویزا فری داخلے کی اجازت دینے کے چین کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ سلوواکیہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تبادلوں کی سہولت فراہم کرتا ہے اور ملک میں سرمایہ کاری، نئی توانائی اور بنیادی شہری سہولیات جیسے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے مزید چینی کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

فریقین نے یوکرین کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شی جن پھنگ نے چین کے مستقل اصولوں اور موقف کی وضاحت کرتے ہوئے سلواکیہ کو معروضی، منطقی اور غیر جانبدارانہ موقف اپنانے پر سراہا۔

ملاقات کے بعد فریقین نے تزویراتی شراکت داری کے قیام سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔

Author

  • شِنہوا دنیا کی صف اول کی نیوز ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

    View all posts