چینی صدر شی جن پھنگ سے مکاؤ خصوصی انتظامی علاقہ(ایس اے آر) کے نومنتخب چیف ایگزیکٹو سام ہو فائی بیجنگ میں عظیم عوامی ہال میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ سے مکاؤ خصوصی انتظامی علاقے (ایس اے آر) کے نو منتخب چیف ایگزیکٹو اور حال ہی میں چین کی مرکزی حکومت کی جانب سے مقرر کئے گئے سام ہو فائی نے ملاقات کی۔
بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ہونے والی ملاقات میں صدر شی جن پھنگ کی موجودگی میں وزیراعظم لی چھیانگ نے سام ہو فائی کو سٹیٹ کونسل کی جانب سے مکاؤ ایس اے آر کا چھٹی مدت کے لئے چیف ایگزیکٹو مقرر کرنے کا حکم نامہ پیش کیا۔
چینی صدر نے سام ہو فائی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور ملک اور مکاؤ سے محبت کرنے، ایمانداری سے اپنے فرائض کی انجام دہی اور مکاؤ کی اعلیٰ عدالت کے صدر کی حیثیت سے اپنے طویل دور میں مکاؤ کی خوشحالی اور استحکام میں کردار ادا کرنے پر ان کی تعریف کی۔
صدر شی نے سام ہو فائی کو مخاطب کرکے کہا کہ انتخابات میں آپ کو بھاری اکثریت سے نامزد اور منتخب کیا گیا جو مکاؤ کے معاشرے کی جانب سے وسیع حمایت کو ظاہر کرتا ہے۔ مرکزی حکام اس بات کو مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں اور آپ پر پورا بھروسہ رکھتے ہیں۔
اس موقع پر سام ہو فائی نے کہا کہ وہ اس تقرری پر انتہائی فخر محسوس کرتے ہیں اور صدر شی جن پھنگ اور مرکزی حکومت کی قیادت میں “ایک ملک، دو نظام” کے اصول کو مکمل طور پر ایمانداری اور غیر متزلزل طریقے سے نافذ کریں گے اور مکاؤ کو جامع ترقی کی جانب گامزن کریں گے۔
لی چھیانگ، کائی چی اور ڈنگ شوئی شیانگ سمیت اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔