چین، قومی عوامی کانگریس (این پی سی) کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لے جی فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب سے بیجنگ میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے اعلیٰ قانون ساز ژاؤ لے جی نے فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب سے ملاقات کی ہے۔
قومی عوامی کا نگریس (این پی سی) کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ نے کہا کہ 74 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے چین اور فن لینڈ نے تعلقات کے فروغ کی رفتار برقرار رکھی اور مختلف ثقافتوں اور نظاموں کے حامل ممالک کے مابین پرامن بقائے باہمی اور دوستانہ تبادلوں کی مثال بنے۔
ژاؤ نے کہا کہ چین فن لینڈ کے ساتھ مل کر دونوں ریاستوں کے سربراہوں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کرنے، اسٹریٹجک باہمی اعتماد کو بڑھانے اور باہمی فائدے کے تعاون کو گہرا کرنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین فن لینڈ کے ساتھ عوامی تبادلوں کو مضبوط کرنے اور کثیر جہتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے بھی تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے لحاظ سے نئے نوع کے تعاون کی شراکت داری کی مستحکم اور طویل مدتی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ژاؤ نے کہا کہ چین کی این پی سی فن لینڈ کی پارلیمنٹ کے ساتھ روایتی دوستی کو جاری رکھنے، قریبی روابط اور تعاون کرنے، قانون سازی کی نگرانی اور نظم ونسق کے تجربات کے تبادلے کو مضبوط بنانے اور باہمی تعلقات کے فروغ میں کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
اس موقع پر فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے کہا کہ فن لینڈ چین کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو وسعت دینے اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہاتھ ملانے کا خواہاں ہے۔