چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر گوانگ ژو میں کینٹن میلے کے دوران شرکاء نئی توانائی گاڑی دیکھ رہے ہیں۔(شِنہوا)
گوانگ ژو (شِنہوا) چین کے اقتصادی مرکز صوبہ گوانگ ڈونگ نے سال کی پہلی 3 سہ ماہی کے دوران غیر ملکی تجارت میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس دوران درآمدات اور برآمدات 67 کھرب 50 ارب یوآن (تقریباً 951 ارب امریکی ڈالرز) تک پہنچ گئی ہیں، جو گزشتہ سال کی نسبت 11.1 فیصد زائد ہیں۔
جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی گوانگ ڈونگ ذیلی انتظامیہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژانگ کے نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اس عرصے میں صوبے کی برآمدات 43 کھرب 90 ارب یوآن رہیں جو گزشتہ سال کی نسبت 9.1 فیصد زیادہ ہیں جبکہ مجموعی درآمدات 23 کھرب 60 ارب یوآن رہیں، جو گزشتہ سال کی نسبت 15 فیصد زائد ہے۔
گوانگ ڈونگ کی غیر ملکی تجارت اب ملک کی مجموعی تجارت کا 20.9 فیصد ہے جو ملک کی ترقی میں ایک اہم کردار کے ساتھ اپنی قائدانہ حیثیت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ صوبے کی غیر ملکی تجارت کی شرح نمو قومی اوسط سے 5.8 فیصد پوائنٹس زائد ہے۔
شین زین کسٹمز کے مطابق اسی عرصے کے دوران گوانگ ڈونگ کے قومی ٹیک مرکز شین زین شہر کا مجموعی تجارتی حجم 33 کھرب 70 ارب یوآن رہا جو ایک ریکارڈ ہے، جس میں گزشتہ سال کی نسبت 20.9 فیصد اضافہ ہوا۔
شین زین کی برآمدات اور درآمدات دونوں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں، برآمدات گزشتہ سال کی نسبت 19.7 فیصد اضافے کے ساتھ 21 کھرب 40 ارب یوآن اور درآمدات 12 کھرب 30 ارب یوآن رہیں، جس میں گزشتہ سال کی نسبت 23.1 فیصد اضافہ ہوا۔