بورے والا ،پنجاب کالج کینال کیمپس میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

بورے والا: سابق ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویژن پروفیسر احمر رؤف بھٹی نے کہا ہے کہ جدید تعلیم کے فروغ، بچوں کی صحیح خطوط پر تربیت کرنیوالے تعلیمی ادارے قابل ستائش ہیں، پنجاب کالج کے نئی نسل کو جدید اعلی تعلیم کے فراہم مواقعوں کے دورس نتائج برآمد ہونگے جبکہ ڈائریکٹر پنجاب کالج پروفیسر مجید اکبر نے کہا کہ طلباء وطالبات کی ہر حوالے سے تربیت کو ہمیشہ اولین ترجیح دی، آئندہ بھی روایت برقرار رکھیں گے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کالج کینال کیمپس بورے والا میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سابق ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویژن پروفیسر احمر رؤف بھٹی تھے جبکہ مہمانان اعزاز میں ممتاز ماہر تعلیم ڈائریکٹر مریم گرلز کالج پروفیسر جاوید اقبال،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز (ر)پروفیسر رانا محمد صفدر ،پرنسپل گورنمنٹ گریجوایٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم بھٹی،چیئرمین بورے میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر حفیظ میاں اور پروفیسر سید محمد اظہر شاہ شامل تھے۔تقریب میں ڈائریکٹر پنجاب کالج پروفیسر مجید اکبر، پرنسپل پنجاب کالج وہاڑی پروفیسر خالد محمود مرزا، پرنسپل پنجاب کالج بورے والاایاز مشتاق، وائس پرنسپلز پروفیسر محمد شفیق،مس سبین رفیق، کنوینیئر سول سوسائٹی نیٹ ورک عبدالرؤف چوہدری،سینئر صحافی اصغر علی جاوید(کامریڈ)،صدر پریس کلب چوہدری اصغر جاوید اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب میں بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات میں کیش انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں ،اس موقع پر طلباء وطالبات نے ملی نغموں پر زبردست پرفارمنس پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سابق ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویژن پروفیسر احمر رؤف بھٹی نے کہا کہ جو تعلیمی ادارے جدید تعلیم کے فروغ اور بچوں کی صحیح خطوط پر تعلیم و تربیت کرتے ہیں وہ قابل ستائش ہیں پنجاب کالج نے نجی شعبہ میں نئی نسل کو جدید اعلی تعلیم کے حصول کے جو مواقع فراہم کئے ہیں اس کے دورس نتائج برآمد ہوںگے ، یہ اقدام ملکی تعلیمی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کالج پروفیسر مجید اکبر نے کہا کہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ناصرف معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائیں بلکہ طلبا و طالبات کی ہر حوالے سے تربیت کو اولین ترجیح دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اس روایت کو برقرار رکھیں گے۔

Author