چین کے شمال مشرقی صوبے جی لِن میں منعقدہ 20 ویں عالمی چھانگ چھن آٹو ایکسپو میں لوگ ڈینزا گاڑیوں میں دلچسپی لے رہے ہیں- (شِنہوا)
بینکاک(شِنہوا)چینی کارساز کمپنی بی وائے ڈی نے تھائی لینڈ میں باضابطہ طور پر اپنا پریمیم برانڈ ڈینزا متعارف کرایا ہے۔ اس کا مقصد جنوب مشرقی ایشیائی ملک کی بڑی آٹو موٹیو مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانا ہے۔
تھائی لینڈ کے سرمایہ کاری بورڈ کے سیکرٹری جنرل نارت تھیرڈستیراسکدی نے اپنے افتتاحی خطاب میں تھائی منڈی میں ڈینزا برانڈ کی آمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ یہ تھائی لینڈ کی الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کی صنعت کی ترقی میں ایک سنگ میل ہے۔
نارت نے کہا کہ ڈینزا برانڈ کا آغاز نہ صرف تھائی منڈی پر بین الاقوامی برانڈز کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس سے تھائی لینڈ کی معاشی ترقی میں نئی تیزی آئے گی۔ تھائی لینڈ ای وی صنعت کی ترقی میں معاونت اور کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے اچھے ماحول کی فراہمی جاری رکھے گا۔
تھائی لینڈ طویل عرصے سے گاڑیوں کی تیاری اور برآمد کا مرکز رہا ہے۔ حکومت کی سرمایہ کاری کے فروغ کی کوششوں سے ملک 2030 تک اپنی گاڑیوں کی سالانہ تیاری کا 30 فیصد الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
بی وائے ڈی ایشیا بحرالکاہل کے آٹو سیلز ڈویژن کے جنرل منیجر لیو شوئے لیانگ نے کہا کہ بی وائے ڈی نے اب تک تھائی لینڈ میں 56 ہزار الیکٹرک گاڑیاں فروخت کی ہیں۔ اس سال تھائی لینڈ میں اپنی فیکٹری کھولنے کے بعد ڈینزا برانڈ متعارف کرانا بی وائے ڈی کا ایک اور سٹریٹجک منصوبہ ہے۔
جنوب مشرقی ایشیا میں ایک کار ساز صنعت کے طور پر تھائی لینڈ میں لگژری گاڑیوں کی ایک مستحکم مارکیٹ ہے۔ لیو نے کہا کہ ڈینزا برانڈ لگژری اور پائیدار ٹیکنالوجی کا مجموعہ ہے جو تھائی صارفین میں پذیرائی حاصل کرے گا۔
دنیا کی بڑی کار ساز کمپنی اور چین میں الیکٹرک گاڑیوں کے بانی کے طور پر بی وائے ڈی نے حالیہ برسوں میں بیرون ملک منڈیوں میں بھرپور توسیع کی ہے۔
بی وائے ڈی کی الیکٹرک گاڑیاں اس وقت دنیا بھر کے 88 ممالک اور خطوں میں فروخت ہو رہی ہیں۔ تھائی لینڈ کے علاوہ بی وائے ڈی نے برازیل، ہنگری، ازبکستان اور دیگر ممالک میں بھی گاڑیوں کی تیاری کے مراکز قائم کئے ہیں۔