روس کے شہر قازان میں منعقدہ 16 ویں برکس سربراہ اجلاس میں شریک رکن ممالک کے سربراہان کا گروپ فوٹو۔(شِنہوا)
کولمبیا(شِنہوا)بین الاقوامی امور کے ماہر اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سری لنکا کے بانی ڈائریکٹر یاسرو رانا راجا نے کہا ہے کہ سری لنکا نے باضابطہ طور پر برکس گروپ میں شمولیت کے لئے درخواست کے عمل کا آغاز کردیا ہے، جو ملک کی بین الاقوامی شراکت داری کو متنوع بنانے اور روایتی مغربی مالیاتی اداروں پر انحصار کم کرنے کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔
روس کے شہر قازان میں اختتام پذیر ہونے والے تین روزہ 16 ویں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر شِنہوا کو ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سری لنکا بھی نیو ڈویلپمنٹ بینک میں شامل ہونے کے لئے درخواست کرے گا، جسے برکس ممالک نے 2015 میں قائم کیا تھا۔
یاسرو رانا راجا نے کہا کہ عالمی بینک یا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے برعکس نیو ڈویلپمنٹ بینک ’’ایک رکن، ایک ووٹ‘‘ کے نظام کے تحت کام کرتا ہے، اس طرح کی مساوی نمائندگی کسی ایک ملک کے اثر و رسوخ کو کم کرتی ہے۔
یاسرو رانا راجا نے مزید کہا کہ اگر سری لنکا کی درخواست منظور ہوجاتی ہے تو برکس رکنیت سری لنکا کو معاون مالیاتی نظام تک رسائی کا موقع دے کر نمایاں طور پر فائدہ پہنچا سکتی ہے جس سے ملک کی اقتصادی ترقی اور عالمی غیر یقینی صورتحال کا مقابلہ کرنے میں بہتری آئے گی۔
سری لنکن ماہر نے کہا کہ نئے ارکان کی شمولیت کی حمایت کرکے چین نے عالمی امور اور زیادہ متوازن عالمی نظام کے قیام میں ایک اہم رکن کے طور پر برکس کا مقام مستحکم کیا ہے۔