چین اور روس نے ہمسایہ ممالک کے لئے مل کر چلنے کا درست راستہ تلاش کر لیا ،چینی صدر

روس کے صدر ولادیمیر پوتن روسی شہر قازان میں منعقدہ ضیافت میں چینی صدر شی جن پھنگ کا خیرمقدم کررہے ہیں۔(شِنہوا)

قازان(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور روس نے بڑے ہمسایہ ممالک کے طور پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا صحیح راستہ تلاش کر لیا ہے۔اس میں غیر وابستگی، عدم تصادم اور کسی تیسرے فریق کو نشانہ نہ بنانے کی خصوصیات شامل ہیں۔

روس کے شہر قازان میں 16 ویں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن سے ملاقات میں چینی صدر نے چین اور روس کے درمیان رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کا ذکر کیا۔ شی نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

شی نے کہا کہ دونوں فریقوں نے پائیدار ہمسائیگی اور دوستی، جامع تزویراتی اور باہمی تعاون کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں اپنے جامع اور عملی تعاون کو مسلسل استحکام اور وسعت دی ہے۔

شی نے کہا کہ اس سے نہ صرف دونوں ممالک کی ترقی، بحالی اور جد یدیت میں استحکام آیا ہے بلکہ چین اور روس کے عوام کی فلاح و بہبود کو بڑھانے اور بین الاقوامی شفافیت اور انصاف کو برقرار رکھنے میں بھی اہم پیشرفت ہوئی۔

چینی صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چین اور روس کے درمیان گہری اور دیرپا دوستی نہیں بدلے گی اور نہ ہی دنیا اور عوام کے لئے بڑے ملکوں کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری کا احساس تبدیل ہوگا۔

شی نے کہا کہ پیچیدہ اور شدید بیرونی چیلنجز کے باوجود تجارت جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون جاری ہے اور بڑے پیمانے پر مشترکہ منصوبے فعال ہیں۔ دونوں ممالک کو اپنی اعلیٰ معیار کی اقتصادی ترقی کی حمایت کے لئے یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی ہم آ ہنگی کو مزید فروغ دینا چاہئے۔

اس موقع پر روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ 75 سال قبل روس اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک نئے دور میں تعاون کے جامع تزویراتی شراکت داروں کے طور پر ابھرے ہیں، دوطرفہ تعلقات اعلیٰ سطح کی ترقی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں اور بڑے ملکوں کے درمیان نئے قسم کے تعلقات کے لئے ایک مثال قائم کررہے ہیں۔

Author

  • شِنہوا دنیا کی صف اول کی نیوز ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

    View all posts