منی پور ،خواتین نے 11افراد کو فورسز کی حراست سے چھڑالیا

ممبئی: بھارت کے علاقے منی پور میں قبائلی خواتین نے 11 افراد کو فورسز کی تحویل سے چھڑا لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق معمول کے گشت کے دوران بھارتی سیکیورٹی فورسز نے پولیس وردی میں ملبوس چند کارسواروں کو روکنے کا اشارہ کیا تاہم گاڑیوں میں سوار ملزمان نے اپنی گاڑیاں بھگا دیں جس پر سیکیورٹی فورسز نے پیچھا کرتے ہوئے انہیں روک کر تلاشی لی ، اس دوران ان سے اے کے 47سمیت جدید رائفلز،دستی بم اور خود کش جیکٹس برآمد ہوئیں جس پر پولیس نے 11 افراد کو حراست میں لیکر بند کردیا ، واقعے کے کچھ ہی دیر بعد میتئی قبیلے کے ایک سول گروپ مائیرا پائبس کی خواتین ارکان وہاں پہنچیں اور فورسز سے ہتھیاروں کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کوکی قبیلے سے تنازع کے خاتمے تک ہتھیار ضبط نہ کئے جائیں۔ انہوں نے حراست میں لئے گئے افراد کو بھی چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نفری وہاں پہنچ گئی ، سیکیورٹی فورسز نے خواتین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی تاہم خواتین نے احتجاج جاری رکھا اور زبردستی اندر گھسنے کی کوشش کی۔ کافی تگ ودو کے بعد خواتین گرفتار 11 افراد کو چھڑانے میں کامیاب ہوگئیں تاہم طے پایا کہ ضبط کئے جانیوالے تمام ہتھیار مقامی پولیس کے حوالے کردیے جائیں گے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts