مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی، مزید 10 فلسطینی شہید

غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں،6 ماہ سے زائد عرصے سے جاری حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں اسرائیلی فوج کی چھاپا مارکارروائیاں دوسرے روز بھی جاری رہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کو طولکرم کے نورشمس کیمپ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 40 گھنٹوں سے زائد آپریشن میں 10 فلسطینوں کو ہلاک جبکہ نور شمس کیمپ کے ارد گرد سے 8 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔اس آپریشن میں اسرائیلی فوج کے 8 فوجی اور ایک پولیس افسر زخمی ہوا۔اس سے قبل جمعہ کو بھی نورشمس کیمپ میں اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں میں طولکرم بریگیڈ کے کمانڈر ابو شجاع الجابر اور ان کا ساتھی امیر ابوخدیجہ شہید ہوگئے تھے۔خیال رہے مغربی کنارے میں پہلے سے جاری اسرائیلی جارحیت میں 7 اکتوبر کے بعد سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔7 اکتوبر سے بعد سے مغربی کنارے میں اسرائیلی افواج اور اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں میں تقریباً 480 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔دوسری جانب ہفتے کوامریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل کے لیے 26 ارب ڈالر کی ہنگامی امداد کا بل منظور کرلیا۔خبرایجنسی کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے مجموعی طور پر 95 ارب ڈالر کی بیرونی امداد کا بل منظور کیا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts