چین میں سوئٹزرلینڈ کے سابق سفیر نے کہا ہے کہ چین بین الاقوامی درآمدی نمائش ایک “کثیرجہتی” پلیٹ فارم ہے جو سوئس کمپنیوں کی چینی منڈی کو تلاش کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بناتی ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) دنیا کی پہلی قومی سطح کی درآمدی نمائش ہے جو شنگھائی میں مسلسل ساتویں سال منعقد ہورہی ہے، جس میں غیر ملکی کاروباری ادارے چینی منڈی تلاش کرنے کے لئے جمع ہورہے ہیں۔
5 سے 10 نومبر تک منعقد ہونے والی ساتویں سی آئی آئی ای نے 152 ممالک، خطوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے شرکاء کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے اور دنیا بھر کی 297 نمایاں کمپنیوں اور صنعتی رہنماؤں کی شرکت کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
گزشتہ 6 نمائشوں میں تقریباً 2500 نئی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور خدمات نمائش کے لئے پیش کی گئیں، جن کا کاروباری حجم 420 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
چین نے غیر ملکی تجارت میں اضافے، غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے، نئے بین الاقوامی مسابقتی فوائد اور دوسرے ممالک کے ساتھ باہمی فوائد حاصل کرنے کے لئے پالیسیاں جاری رکھی ہیں۔
چین نے ساحلی، اندرونی اور سرحدی علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے 22 آزمائشی آزاد تجارتی زونز (ایف ٹی زیڈ) قائم کئے ہیں، جو ملک کی مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری اور درآمد و برآمد کے حجم میں تقریباً 20 فیصد حصہ ڈالتے ہیں۔ 2024 کی پہلی 3 سہ ماہیوں میں ایف ٹی زیڈ کی غیر ملکی تجارت میں گزشتہ سال کی نسبت 11.99 فیصد اضافہ ہوا۔
قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے ایک عہدیدار جن شیان ڈونگ نے کہا کہ یہ باہمی مفاد کو وسعت دینے اور اقتصادی عالمگیریت کی حمایت کرنے کے لئے چین کے واضح رویے کی مکمل عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری والے کاروباری اداروں کے لئے خدمات بہتر بنانے کی مزید کوششیں کی جائیں گی۔