آئی ایم ایف مشن اسلام آباد پہنچ گیا، سوموار سے مذاکرات شروع ہوں گے

اسلام آباد: قرضوں کے نئے پروگرام سے متعلق بات چیت کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا مشن پاکستان آچکا ہے۔ یہ مشن پاکستانی حکام سے کل مذاکرات شروع کرے گا۔پاکتان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستھر پیریز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا شمن ناتھن پورٹر کی قیادت میں قرضوں کے لیے اگلے پروگرام سے متعلق معاملات طے کرنے کے لیے مذاکرات کرے گا۔
فریقین لچک دار معاشی ترقی کی بنیادی رکھنے کے حوالے سے بات چیت پر زیادہ متوجہ ہوں گے۔ عالمی مالیاتی ادارے سے پاکستانی حکام جو مذاکرات کریں گے اُس کے نتیجے میں معیشت اور حکمرانی دونوں حوالوں سے بہتر نتائج متوقع ہیں۔نئے قرضوں کا حصول یقینی بنانے کے لیے پاکستان کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران متعدد شرائط کی قبولیت پر رضامند ہونا پڑا ہے۔
آئی ایم ایف نے ٹیکس نیٹ میں توسیع کے لیے مختلف تجاویز دی ہیں جن کے تحت تنخواہ دار طبقے سے مزید ٹیکس لیے جانے کا امکان ہے۔ چھوٹے تاجروں اور دکان داروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اس حوالے سے زیادہ کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ حکومت معیشت کو ڈاکیومینٹ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔نگراں حکومت اور اس سے قبل پی ڈی ایم کی حکومت بھی آئی ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے کہتی رہے کہ معیشت کو درست کرنے کی خاطر سخت اور نامقبول فیصلے کرنا ہوں گے۔
آئی ایم ایف کی ٹیموں سے مذاکرات میں پاکستان سے کہا جاتا رہا ہے کہ ریوینو کا ہدف بڑھائے اور وصولی یقینی بنائے۔ متمول طبقے پر ٹیکس کی شرح بڑھانے کی بات بھی ہوتی رہی ہے تاہم اس حوالے سے زیادہ حوصلہ افزا قسم کے اقدامات اب تک نہیں کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام چاہیے تو آئی ایم ایف کی طرف جانا پڑے گا، معیشت کے بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کرنا ہوں گی۔ اگر ہم نے روش نہ بدلی تو آئی ایم ایف کے پچیسویں پروگرام میں جانا پڑے گا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts